الٹی سیدھی
(جناب محبوب راہی)
دئیے دن میں جلانا چاہتے ہیں • وہ دیپک راگ گانا چاہتے ہیں
مجھے گھر سے بھگانا چاہتے ہیں • وہ میرا گھر بسانا چاہتے ہیں
غزل لائے ہیں لکھ کر الٹی سیدھی • ترنم سے سنانا چاہتے ہیں
سہارا لے کے وہ بیساکھیوں کا • مجھے نیچا دکھانا چاہتے ہیں
نہیں کرتے کمی نفرت میں کوئی • محبت بھی جتانا چاہتے ہیں
صدا ایسی کہ کوّے جمع ہوجائیں • مگر ملہار گانا چاہتے ہیں
میں ان سے دور جانا چاہتا ہوں • وہ میرے پاس آنا چاہتے ہیں
مرے بیٹے مرے ہی باپ بن کر • مجھے بیٹا بنانا چاہتے ہیں
مگر میں تو پرندہ بھی نہیں ہوں • پرندے آشیانہ چاہتے ہیں
سمنٹ، لوہا، کھاد اور چارہ کھا کر • کہیں کیا اور کھانا چاہتے ہیں
بچھا کر راستے میں میرے کانٹے • وہ کوئی گل کھلانا چاہتے ہیں
مجھے دنیا کی نظروں سے گرا کر • سر آنکھوں پر بٹھانا چاہتے ہیں
گدھے تو ہیں مزے میں کس لئے ہم • انہیں انسان بنانا چاہتے ہیں
نظر آتا نہیں اب کوئی چوہا • برائے حج وہ جانا چاہتے ہیں
انہیں دھونے ہیں اپنے پاپ سارے • یہ گنگا میں نہانا چاہتے ہیں
ہنسی آتی ہے ان کی حرکتوں پر • وہ جب مجھ کو رلانا چاہتے ہیں
مرے بھائی ہیں یوسف کے برادر • جو مجھ کو بیچ کھانا چاہتے ہیں
زمانے بھر کے جو بدھو ہیں راہی • مجھے بدھو بنانا چاہتے ہیں

