نصیحت - مولانا بدر عالم مہاجر مدنیؒ کی اصلاحی و فکر انگیز نظم
نصیحت
عزیزوں کو مجھے اک راز کی ہے اب خبر کرنا
اگر محفوظ رہنا ہو تو طیبہ میں گذر کرنا
جہاں اب پھنسنے والا ہے فتن میں ایمان والوں کے بہت مشکل ہے مومن کو کہیں باہر بسر کرنا
جو ناقدری میں گذری وہ تو گذری زندگی اپنی
جو باقی ہے اسی کی قدر تم اب عمر بھر کرنا
دعائیں مانگنا اس کی کہ اب جو عمر باقی ہے
خدا تم کو عطا کر دے مدینہ میں بسر کرنا
بھروسہ بھول کر بھی تم نہ کرنا اپنی دولت پر نہیں آساں کسی کو اس کٹھن منزل کا سر کرنا
بلالیں جسکو مرضی ہو، نکالیں جسکو جی چاہے انہیں کے دستِ قدرت میں ہے سب زیر و زبر کرنا
ہمیشہ عجز و زاری سے ہمیشہ آہ و نالہ سے
فقط ایک اس کی رحمت پر جما کر تم نظر کرنا
امیدیں اس سے رکھنا جسکی رحمت ہے جہانوں پر اسی سے مانگنا اور بس اسی پر تم نظر کرنا
یہ مرکز ہے مہاجر ہے مسلمانوں کا اول سے
پہنچ جاؤ مقدر سے تو غفلت سے حذر کرنا
تجارت کے ارادے سے نہ آنا اس طرف ہرگز
قناعت سے یہاں رہنا شرافت سے گذر کرنا
حرم میں خوب جا جا کر مزے لینا عبادت کے
اسی میں آکے پڑ رہنا وہیں شام و سحر کرنا
کسی پر نکتہ چینی سے ہمیشہ محترز رہنا
کہیں باہر نکلنا ہو تو بس نیچی نظر کرنا
بہت غیرت ہے انکو اس حرم کے بسنے والوں پر
اگر منظور ہو بسنا تو ڈر ڈر کے بسر کرنا
حماقت ہے کہ غیبت کرکے خود حبطِ عمل کرلو
نہ باہم تفرقے پھیلا کے پھر سب کو نڈر کرنا
ہمیں توفیق مل جائے کہ سب شیر و شکر بن کر یہی سیکھیں عدو سے بھی ہے بہتر درگزر کرنا
یہ اخلاقِ نبوت ہیں یہی تعلیم ہے ان کی
بہت آسان ہے تم کو عمل چاہو اگر کرنا
تمہیں سنت سے الفت ہو تو چلنا اس طریقے پر کوئی چاہے نہ چاہے تم عمل اس پر مگر کرنا
وصیت ہے یہی میری بس اپنے سب عزیزوں کو مدینہ آ کے بس جانا نہیں آکر گزر کرنا
یہی صورت ہے بخشش کی کہ توبہ ہر گھڑی کرنا اگر ٹوٹے تو پھر کرنا مگر اس سے حذر کرنا
جو چاہو زندگی عزت کی انکی ایک صورت ہے
خدا کو یاد کرنا پھر نہ اس میں کچھ کسر کرنا
جو شب میں آنکھ کھل جائے تمہاری اپنی قسمت
سے تو پھر تسبیح و استغفار کر کرکے سحر کرنا
تمہارا کام اک یہ ہو کہ سنت پر عمل کرنا
ہر اک بدعت سے تم ڈرنا حذر کرنا حذر کرنا
شریعت پر عمل کرنا یہی شیوہ ہے مومن کا
بہت معیوب ہے دیں میں اگر کرنا مگر کرنا
بہت بچنا تنعم اور تکبر کے طریقوں سے
بس اک مسکین بن کر زندگی اپنی بسر کرنا
اگر در پے ہو کوئی بھی کسی ایذا رسانی کے تجاهل عارفانہ کر کے پھر بھی درگزر کرنا
اگر تم سے لڑے کوئی تو اس سے صلح کر لینا
اگر غصہ کرے کوئی تو تم نیچی نظر کرنا
(مولانا بدر عالم مہاجر مدنی رحمہ اللہ)



