سوال : انگوٹھی،چھلے وغیرہ کا حکم کیا ہے؟
جواب :
انگوٹھی، چھلے، چوڑی ، کنگن وغیرہ اگر
ڈھیلے ہو کہ بے ہلائے بھی ان کے نیچے پانی پہنچ جائے تب بھی ان کا ہلانا مستحب ہے،
اور اگر ایسے تنگ ہو کہ بغیر ہلائے پانی نہ پہنچنے کا گمان ہو تو ان کو ہلا کر
اچھی طرح پانی پہنچا دینا ضروری اور واجب ہے نتھ کا بھی یہی حکم ہے کہ اگر سوراخ
ڈھیلا ہے تو اس وقت تو ہلانا مستحب ہے اور جب تنگ ہو کہ بے پھرائے اور ہلائے پانی
نہ پہنچے گا تو منھ دھوتے وقت گھما کر اور ہلا کر پانی اندر پہنچانا واجب ہے۔
سوال: اگر ناخن میں آٹا سوکھ جائے تو کیا حکم ہے؟
جواب :
اگر کسی کے ناخن میں آٹا لگ کر سوکھ گیا، اور اس کے نیچے پانی نہیں پہنچا تو وضو نہیں ہوا، جب یاد آئے اور آٹا دیکھے تو آٹا چھڑا کر پانی ڈالدے اور اگر پانی پہنچانے سے پہلے کوئی نماز پڑھ لی ہو تو اس کو لوٹا دے اور پھر سے پڑھے۔
سوال: افشان چنی کا حکم کیا ہے؟
جواب:
کسی کے ماتھے پر افشاں چنی ہو(سونے چاندی کے باریک ذرات جو خوبصورتی کے لیے عورتیں بالوں پر چھڑکتی ہیں) اور اوپر اوپر سے پانی بہالیوے کہ افشاں نہ چھوٹے پاوے، تو وضو نہیں ہوتا ،ماتھے کا سب گوند چھڑا کر منھ دھونا چاہیئے۔

