حضرت عیسیٰ علیہ السلام کے ۱۳ حکمت بھرے ارشادات و اقوالِ زریں

حضرت عیسیٰ علیہ السلام کے ارشاد فرمودہ  اقوال


۱۔ میں مردے کو زندہ کرنے سے عاجز نہیں آیا مگر احمق کی اصلاح سے عاجز آگیا ہوں۔

۲۔ اپنے بھائی سے بلا وجہ خفا نہ ہو۔

۳۔ نیک عمل وہ ہے جو لوگوں کی تعریف کی توقع سے بے نیاز ہوکر کیا جائے۔

٤۔ موت سے بڑھ کر کوئی سچی چیز نہیں اور امید سے بڑھ کر کوئی چیز جھوٹی نہیں۔

۵۔ اپنی بہتری کا خیال نہ کر بلکہ اللہ تعالیٰ کی خوشنودی کو افضل سمجھو۔

٦۔ ہر اچھا درخت اچھا پھل لاتا ہے اور برا درخت برا۔ اچھا درخت برا پھل نہیں لاسکتا اور جو درخت اچھا پھل نہیں لاتا وہ کاٹا اور آگ میں ڈال دیا جاتا ہے۔

۷۔ سفر دو قسم کے ہیں
دنیا اور آخرت کا سفر۔ دونوں کے واسطے توشہ درکار ہوتا ہے۔

 دنیا کے سفر میں توشہ ہمراہ رکھنا چاہیے۔

اور سفرِ آخرت میں روانگی سے پہلے بھیج دینا چاہیے۔

۸۔ خبردار اپنے راستبازی کے کام لوگوں کو دکھانے کے لیے نہ کرو، ورنہ اللہ تعالیٰ کے حضور تمہارے لیے کچھ اجر نہیں ہوگا۔

۹۔ مبارک ہیں وہ جو راست بازی کے سبب ستائے گئے ہیں، کیونکہ بالآخر آسمان کی بادشاہت انہی کی ہے۔

۱۰۔ بڑوں کو چھوٹا بن کر رہنا چاہیے، کیونکہ جو اپنے آپ کو بڑا مانتا ہے وہ چھوٹا بنایا جاتا ہے اور جو چھوٹا بنتا ہے وہ بڑا مرتبہ حاصل کرتا ہے۔

۱۱۔ دنیا کے مال و اسباب پر مغرور مت ہو، کیا خبر کہ اسی رات تیری جان تجھ سے طلب کرلی جائے۔

۱۲۔ بے عمل عالم کی مثال ایسی ہے جیسے اندھے کے ہاتھ میں مشعل، لوگ اس سے روشنی حاصل کرتے ہیں لیکن وہ خود روشنی سے محروم ہے۔

۱۳۔ انفعالِ گناہ (گناہ پر شرمندگی) غرورِ عبادت سے بدرجہا بہتر ہے۔

مزید پڑھیں