حضرت ابوالحسن خرقانیؒ کے 14 حکمت بھرے اقوالِ زریں | اقوال ابوالحسن خرقانی

حضرت ابوالحسن خرقانیؒ پیش کردہ اقوالِ زریں


١۔ راستے دو ہیں: ایک راہِ ضلالت ہے اور دوسرا راہِ ہدایت۔

جو راہِ ہدایت ہے وہ خدا کا راستہ ہے بندہ کی طرف اور جو راہِ ضلالت ہے وہ بندہ کا راستہ ہے خدا کی طرف۔ 

تو جو بندہ کہے کہ میں اللہ تعالیٰ تک پہنچا وہ ہرگز نہیں پہنچا اور جو کہے مجھے اللہ تعالیٰ تک پہنچادیا گیا وہ یقیناً پہنچ گیا۔

۲۔ ایک بات کے لیے ایک ہی بولنے والا کافی ہوتاہے۔

۳۔ تو اپنے اندر وہ درد پیدا کر کہ تیری آنکھ سے پانی نکلے کہ اللہ تعالیٰ چشمِ گریاں رکھنے والوں کو دوست رکھتا ہے۔

٤۔ اللہ تعالیٰ کی دوستی اس شخص کے دل میں نہیں ہوتی جس کو خلق پر شفقت نہیں۔

۵۔ صدق یہ ہے کہ دل باتیں کرے یعنی وہ بات کہے جو دل میں ہو۔

٦۔ ایک لمحہ کے واسطے اللہ تعالیٰ کا ہو رہنا خلائقِ زمین و آسمان کے اعمال سے بہتر ہے۔

٧۔ اللہ تعالیٰ کے تمام نام بزرگ ہیں لیکن بندے کا سب سے بزرگ نام نیستی ہے۔

۸۔ نبی کریم علیہ الصلوٰۃ والسلام کا وارث وہ شخص ہے جو نبی کریم علیہ الصلوٰۃ والسلام کے فعل کی اقتدا کرے، نہ وہ کہ کاغذ سیاہ کرے۔

٩۔ برائی سے یاد نہ کرو مُردوں کو، کہ وہ اپنے کیفرِ کردار کو پہنچ چکے ہیں۔

۱۰۔ نماز روزه اچھی چیز ہے لیکن غرور و حسد دل سے دُور کرنا ان کو زیادہ اچھا بنا دیتا ہے۔

۱۱۔ اعلانیہ گناہ، پوشیدہ کی نسبت زیادہ سخت اور اظہارِ گناہ دوسرا گناہ ہے۔

۱۲۔ بہت روؤ اور مت ہنسو، بہت خوش رہو اور بات نہ کرو، بہت دو اور کم کھاؤ، بہت جاگو اور کم سوؤ۔

۱۳۔ فقر کا قرار بے قراری میں ہے اور راحت جراحت میں۔

۱٤۔ صدق یہ ہے کہ جو دل میں ہو وہی زبان پر آئے۔

مزید پڑھیں