جب زبان پر محمد کا نام آ گیا - مکمل کلام مولانا شاہ محمد احمد

جب زبان پر محمد ﷺ  کا نام آ گیا


جب زبان پر محمد ﷺ کا نام آ گیا 
 دوستو! زندگی کا پیام آ گیا

آ گیا انبیاء کا امام آ گیا 
 لے کے فیضانِ دارالسلام آ گیا

تیرے در پر جو خیرالانام آ گیا 
 اس کے ہاتھوں میں عرفاں کا جام آ گیا

ساز و سامانِ عیشِ دوام آ گیا 
 یعنی حکمِ سجود و قیام آ گیا

اللہ اللہ ہوئی دل کی دنیا حسیں 
جب مقدر سے حسنِ تمام آ گیا

پا گیا پا گیا حاصلِ زندگی 
در پہ آقا ﷺ کے جس دم غلام آ گیا

دور ظلمت ہوئی دل منور ہوا 
 جب مدینے میں ماہِ تمام آ گیا

ان کی مرضی نظر آئی رشکِ جناں 
 عشق میں ایک ایسا مقام آ گیا

لائے تشریف جب سید المرسلین ﷺ
 خلدِ دنیا بنی وہ نظام آ گیا

ظلم رخصت ہوا عدل قائم ہوا 
 عشق کے ہاتھ میں انتظام آ گیا

تیرے ابرِ کرم سے شہِ انبیاء 
ہو کے سیراب ہر تشنہ کام آ گیا

فیضِ ساقیِ کونین صلِّ علیٰ 
جو بھی چاہے پئے اذنِ عام آ گیا

تیری برکت سے اے سید الانس و جاں 
 صبح روشن ہوئی کیفِ شام آ گیا

آپ ﷺ کی مدح انسان کیا کر سکے 
عرش سے جب درود و سلام آ گیا

قلب شاداں ہوا روح رقصاں ہوئی 
 لب پہ احمد کا شیریں کلام آ گیا

(مولانا شاہ محمد احمد)

مزید پڑھیں