آفتابِ نبوت پہ لاکھوں سلام - خوبصورت سلامِ پاک | ولی اللہ ولی عظیم آبادی

لاکھوں سلام

آفتابِ نبوت پہ لاکھوں سلام
ماہتابِ رسالت پہ لاکھوں سلام

عرشِ اعظم سے جس پہ ہوں پیہم درود
اس کی عظمت و کرامت پہ لاکھوں سلام

آپ پر، آپ کے آل و اصحاب پر
سارے اہل قرابت پہ لاکھوں سلام

جس کے اخلاق قرآں، میں خلقِ عظیم
اس کی ایک ایک عادت پہ لاکھوں سلام

نطق میں جس کو حاصل جوامع کلم
اس فصاحت و بلاغت پہ لاکھوں سلام

جس کو معراج میں خاص رفعت ملی
اس کی شان و جلالت پہ لاکھوں سلام

جس کو مازاغ حق نے دیا خود لقب
ایسی نور و بصارت پہ لاکھوں سلام

جس کے لب پر رہا امتی امتی
اس کے فیضِ شفاعت پہ لاکھوں سلام

جس کے سینہ میں گریہ سے آواز ہو
اس نبی کی خشیت پہ لاکھوں سلام

جس سے پائے مبارک پہ ورم آ گیا
ایسی حسنِ عبادت پہ لاکھوں سلام

جس کو چھپ چھپ کے کفار سنتے رہے
ایسی دلکش تلاوت پہ لاکھوں سلام

جس کو اعدا بھی کہتے ہوں صادق و امیں
اس کے صدق و امانت پہ لاکھوں سلام

دشمنوں کے مقابل جو آگے رہے
اس کی دادِ شجاعت پہ لاکھوں سلام

اونٹ بھی جس سے فریاد آ کر کرے
اس امامِ عدالت پہ لاکھوں سلام

جس کی ناقہ بھی مامورِ حکمِ خدا
اس عنانِ قیادت پہ لاکھوں سلام

جس کے گھر عرصہ عرصہ نہ چولہا جلے
اس کے صبر و قناعت پہ لاکھوں سلام

جو مزاحاً کہے کچھ تو حق ہی کہے
اس کی اعلیٰ ظرافت پہ لاکھوں سلام

جو مزاحاً بھی کہتا ہو حق اور بجا
اس کی اعلیٰ ظرافت پہ لاکھوں سلام

جس پہ نازل ہوئی آیتِ قدنریٰ
اس ادا، ایسی چاہت پہ لاکھوں سلام

اے ولی! جس پہ خود حسن قربان ہو
دلربا! اس ملاحت پہ لاکھوں سلام

(ولی اللہ ولی عظیم آبادی)


مزید پڑھیں