Aaj Mein Jeena Seekhen

آج میں جینا سیکھیں: حال میں زندگی گزارنے اور خوشحال رہنے کا طریقہ

 

   
         صبح ہو جائے تو شام کا انتظار نہ کریں۔ بس آج اور ابھی پر نظر رکھیں نہ کل پر جو اچھا برا گزر چکا اور نہ آئندہ پر جو ابھی آیا ہی نہیں ۔ آپ کی عمر تو بس ایک دن ہے اسی دن کا سورج آپ کو ملا ہے ۔ اس لئے دل میں سوچئے کہ بس آج ہی تو جینا ہے گویا آج ہی آپ پیدا ہوئے ۔ آج ہی مرجائیں گے۔ اس صورت میں آپ کی زندگی ماضی کے سایوں اور تفکرات اور مستقبل کی اُمیدوں اور توقعات کے بیچ لٹکی نہ رہے گی۔



آج پر توجہ کیسے لگائیں؟ عملی اقدامات


         آپ اپنی پوری توجہ ساری صلاحیت ، خلاقیت و ذہانت صرف آج پر لگا دیں ۔ آج کی آپ کی نماز خشوع و خضوع والی ہو۔ تلاوت کریں تو تدبر کے ساتھ کریں۔ جانکاری حاصل کریں تو تامل کے ساتھ۔ ذکر کریں تو جی لگا کر معاملات توازن کے ساتھ نپٹا ئیں۔ اپنے اس دن کے اوقات تقسیم کر لیں اس کی منٹوں کو سال سمجھیں اس کی سکنڈوں کو مہینوں کے مانند خیال کریں۔ خیر کے بیج ہوئیں احسان کریں ، گناہوں سے تو بہ کریں ، خدا کو یاد کریں، اور سامان سفر تیار کرتے رہیں ، اس طور پر آپ کا دن فرحاں و شاداں گزرےگا اس میں امن چین ہوگا ۔ آپ اپنی روزی روزگار، اپنی بیوی بچوں ، گھر علم اور معیار زندگی سے خوش رہیں گے۔

رنج و غم اور حسد سے پاک زندگی کا اصول


        آپ کا یہ دن رنج وغم ، گھبراہٹ ولڑکھڑاہٹ اور کینہ کپٹ و بغض وحسد سے خالی گزرے۔ اپنے دل کی سختی پر ایک ہی عبارت لکھ لیں آج آج آج آپ کو اچھی گرم اور لذیذ روٹی مل گئی ہے تو کل کی سرد اور روکھی سوکھی روٹی یا آئندہ کی روٹی سے آپ کو کوئی نقصان نہ ہوگا ۔ جب آج آپ ٹھنڈا اور میٹھا پانی پی لیں تو کیوں غم کریں کل کے نمکین کھارے پانی پر یا آئندہ کے گرم سڑے پانی پر۔ اگر عزم مصمم اور فولادی ارادے کے مالک ہوں تو اپنے آپ کو اس نظریہ کا عادی بنادیں کہ میں بس آج ہی زندہ رہوں گا ۔ تب آپ دن کا لمحہ لمحہ اپنے آپ کو بنانے سنوارنے ، اپنی صلاحیتوں کو بڑھانے اور کام آگے بڑھانے کے لئے استعمال کریں گے۔

آج کو بہترین بنانے کے لیے روزانہ کی ذمہ داریاں

اس وقت آپ کہیں گے کہ:

زبان اور کردار کی تہذیب


  • آج کے لئے میں اپنی زبان کی تہذیب کروں گا کوئی فحش بات گالی یا غیبت نہ کروں گا۔
  • آج کے لئے اپنا گھر ، آفس مرتب کروں گا، نہ کوئی بے ترتیبی نہ بدنظمی ، بلکہ نظام و ترتیب ہوگا۔
  • آج کے لئے میں اپنے جسم کی صفائی ستھرائی کروں گا۔ ظاہر کی تحسین اور وضع قطع پر توجہ دوں گا۔ اپنی چال حرکات اور بات چیت میں توازن پیدا کروں گا۔

اطاعتِ رب اور خود احتسابی


  • آج اپنے رب کی اطاعت کروں گا، نماز صحیح ڈھنگ سے پڑھوں گا ،قرآن پاک کی تلاوت کروں گا۔
  • کتابیں دیکھوں گا، مطالعہ کروں گا۔
  • چونکہ صرف آج ہی جینا ہے اس لئے اپنے دل میں فضائل کا پودا لگاؤں گا، شر، مکر وریا ، حسد ، غرور، بدظنی اور برائیوں کی تمام جڑیں کاٹ پھینکوں گا۔


احسان اور خدمتِ خلق

فقط آج ہی زندگی گزاروں گا اس لئے دوسروں کو فائدہ پہنچاؤں گا ان کے ساتھ احسان و سلوک کروں گا۔

  • مریض کی عیادت کروں گا ، جنازہ کے ساتھ چلوں گا۔
  • گم کردہ راہ کی رہنمائی کروں گا، بھوکے کو کھلاؤں گا۔
  • مصیبت زدہ کی تکلیف دور کروں گا، مظلوم کے ساتھ کھڑا ہوں گا، کمزور کے لئے سفارش کروں گا۔
  • غمزدہ کی غم گساری کروں گا، عالم کا اکرام کروں گا، کمز ور پر رحم کروں گا، بڑوں کی عزت کروں گا۔

ماضی اور مستقبل سے مکمل کنارہ کشی

آج ہی مجھے رہنا ہے، اس لئے اے ماضی! جا اپنے سورج کی طرح ڈوب جا میں ہرگز مجھ پر نہ روؤں گا میں تجھے پل بھر کے لئے بھی یاد نہ کروں گا کیونکہ تو جا چکا ہم سے دور ہو گیا اور اب بھی واپس نہ آئے گا۔ اور اے مستقبل تو ابھی عالم غیب میں ہے میں خواب و خیال کا اپنے کو عادی نہ بناؤں گا جو چیز ابھی پیدانہیں ہوئی اس کے پیچھے کیوں پڑوں کیونکہ کل تو کوئی چیز ہی نہیں اس کا ابھی وجود ہی نہیں ۔



آج کا دن: خوش بختی اور کامیابی کا بہترین کلمہ

اے انسان ! آج کا دن ہی خوش بختی کی لغت میں سب سے اچھا کلمہ ہے۔ اس کا خیال کرنے والا ہی زندگی کی رعنائیوں اور شادمانیوں سے بہرہ ور ہو سکتا ہے۔



Tags

Post a Comment

0 Comments
* Please Don't Spam Here. All the Comments are Reviewed by Admin.

Search your Topic